مری زندگی تو فراق ہے وہ ازل سے دل میں مکیں سہی - Urdu Poetry

word best urdu poetry, best no1 urdu poetry blog, sad poetry,gazals, 2 lines poetry

اتوار، 22 مارچ، 2020

مری زندگی تو فراق ہے وہ ازل سے دل میں مکیں سہی

مری زندگی تو فراق ہے وہ ازل سے دل میں مکیں سہی
وہ نگاہِ شوق سے دُور ہیں،رگِ جاں سے لاکھ قریں سہی
ہمیں جان دینی ہے ایک دِن وہ کسی طرح، وہ کہیں سہی
ہمیں آپ کھینچیے دار پر جو نہیں کوئی، تو ہمِیں سہی
غمِ زندگی سے فرار کیا یہ سکون کیوں، یہ قرار کیا
غمِ زندگی بھی ہے زندگی، جو نہیں خوشی تو نہیں سہی
سرِ طُور ہو، سرِ حشر ہو، ہمیں اِنتظار قبول ہے
وہ کبھی ملیں، وہ کہیں ملیں، وہ کبھی سہی، وہ کہیں سہی
نہ ہو، اُن پہ جو مرا بس نہیں کہ یہ عاشقی ہے ہَوس نہیں
مَیں اُنہِیں کا تھا، مَیں اُنہِیں کا ہُوں، وہ مرے نہیں تو نہیں سہی
مجھے بیٹھنے کی جگہ ملے، مری آرزو کا بھَرم رہے
تری انجمن میں اگر نہیں، تری انجمن کے قریں سہی
ترے واسطے ہے یہ وقف سر، رہے تا ابد ترا سنگِ در
کوئی سجدہ ریز نہ ہو سکے تو نہ ہو، مری ہی جبیں سہی
مری زندگی کا نقیب ہے نہیں دُور، مجھ سے قریب ہے
مجھے اُس کا غم تو نصیب ہے وہ اگر نہیں، تو نہیں سہی
جو ہو فیصلہ وہ سُنائیے، اِسے حشر پر نہ اُٹھائیے
جو کریں گے آپ ستم وہاں، وہ ابھی سہی، وہ یہیں سہی
اُسے دیکھنے کی جو لَو لگی تو نصیؔر دیکھ ہی لیں گے ہم
وہ ہزار آنکھ سے دُور ہو، وہ ہزار پردہ نشیں سہی
x

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں